ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضمنی انتخابات میں کانگریس کی ہار سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، پارٹی کارکنوں کو ڈی کے شیو کمار کی تسلی

ضمنی انتخابات میں کانگریس کی ہار سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، پارٹی کارکنوں کو ڈی کے شیو کمار کی تسلی

Sun, 15 Nov 2020 23:16:23    S.O. News Service

بنگلورو،15؍نومبر(ایس او نیوز) حالیہ ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی ہارپر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صد ر ڈی کے شیو کمار نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ انہیں حوصلہ ہارنے کی ضرورت نہیں، آنے والے انتخابات میں پارٹی کے سبھی رہنما مل جل کر مقابلہ کریں گے اور پارٹی کی کامیابی یقینی بنائیں گے۔

کے پی سی سی دفتر میں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے جنم دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں جو انتخابی نتائج آئے ہیں، ان سے بھی مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جب پارٹی اقتدار میں تھی تو بہت سارے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تھی، اس کے بعد ہونے والے عام انتخابات میں نتائج برعکس ہی رہے،اس لئے ضمنی انتخابات کے نتائج سے دلبرداشتہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات اور کونسل کی چار نشستو ں کے لئے ہوئے انتخابات میں کانگریس کی شکست کی وجوہات کیا ہیں، ان کی نشاندہی کے لئے وہ اپنے طور پر جانچ کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی تاریخ کو برقرار رکھنے اور سماج کو بدلنے کے لئے آنے والے دنو ں میں تمام کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے فوراً بعد جب کانگریس نے اس ملک کا اقتدار سنبھالا اسی وقت ملک کی ترقی کے لئے جواہر لال نہرو نے ملک بھر میں پبلک سیکٹر صنعتوں کا قیام کر کے ملک کی ترقی کی بنیاد رکھ دی تھی۔ بدقسمتی سے ملک کی موجودہ حکو مت ترقی کی ان بنیادوں کو کمزور کرنے پرتل گئی ہے۔ بڑی بڑی پبلک سیکٹر کمپنیوں کو حکومت فروخت کرنے پر اتر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جواہر لال نہرو اچانک ملک کے وزیر اعظم نہیں بنے بلکہ پہلے وہ الہٰ آ باد بلدیہ کے صدر رہے اور اس کے بعد وہ ملک کی جہد آزادی سے مسلسل جڑے رہے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیجس لیچر پارٹی لیڈر سدرامیا، کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد، سابق مرکزی وزیر کے ایچ منی اپا اور دیگر موجود تھے۔


Share: